پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس شہداء کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اور پولیس کے شہدا کی ایک لمبی داستان ہے۔ ہم نے پولیس شہدا کے پیکج میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر رہے ہیں۔ اور صوبے کے تمام شہدا کی فیملیز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہماری پولیس جن دہشتگردوں سے مقابلہ کر رہی ہے وہ عام دہشتگرد نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہدا خود تو چلے جاتے ہیں مگر ہمیں زیادہ محفوظ کر جاتے ہیں، طلال چودھری
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیس کا بجٹ پچھلے سال بڑھا کر 124 ارب روپے تک لے گئے تھے۔ اور رواں سال پولیس کا بجٹ 124 ارب روپے سے بڑھا کر 158 ارب روپے کیا۔ پولیس کا بجٹ بڑھایا ہے تاکہ سہولیات کی کمی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں شہدا کے خاندانوں کا خیال رکھنا ہے۔ شہادت کا درجہ بہت بڑا ہے۔ اور ہمیں اپنی پولیس پر فخر ہے۔ پولیس فورس کے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ اور ہم شہدا کے لواحقین کو پلاٹ دیں گے۔
