وزیراعظم شہباز شریف بارشوں اور سیلاب میں ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے۔
وزیر اعلیٰ گلبر خان اور گورنر جی بی سید مہدی شاہ نے گلگت پہنچنے پر ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور دیگرحکام بھی ہیں۔
وزیراعظم گلگت میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کریں اور جاں بحق افراد کے لواحقین میں امدادی رقوم بھی تقسیم کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے ملاقات کی، اس موقع پر بارشوں اور سیلا ب کے باعث جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
گورنر گلگت بلتستان نے وزیر اعظم کو سیلابی صورتحال اور نقصانات پر بریفنگ دی، گورنر سید مہدی شاہ نے ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
پولیس کے ہزاروں شہدا ہمارا فخر ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں کے باعث بہت نقصانات ہوئے، گلگت بلتستان میں سیلاب اور بارشوں سے جانی نقصان پر دلی افسوس ہے، دعا ہے اللہ تعالی جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب اور کلاؤڈ برسٹ سے ہونیوالے نقصانات کا جائزہ لینے آیا ہوں، عالمی سطح پر کاربن گیسز کے اخراج میں ہمارا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اہم قومی ادارہ ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، 2022 میں بھی بارشوں اور سیلاب نے بہت تباہی مچائی، ہم ہر سال موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں دانش اسکول کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، سولر پارک منصوبے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔
