پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی تناؤ ختم کرنے کے لیے مقتدر حلقے اپنا کردار ادا کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی تناؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اور ملکی ترقی کے لیے اس سیاسی تناؤ کو ختم کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور سینیٹرز کو نااہل قرار دیا جا رہا ہے۔ جس سے تناؤ میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ہمارے لوگوں نے مقدمات سہے، نااہلیاں سہہ لیں اور بھاری قیمت ادا کی۔ اب مقتدر حلقوں کی باری ہے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ اور وہ ملک میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو ختم کریں کیونکہ جب عوام میں تناؤ بڑھتا ہے۔ تو جہموریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اب اگر جمہوریت کو آگے بڑھنا ہے تو مقتدر حلقوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے یہ پوچھتے تھے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کیس کب لگے گا۔ اب صبح شام لوگ یہی پوچھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کب رہا ہوں گے۔ اور جب تک وہ رہا نہیں ہوں گے ہر طرف سے یہی آواز آئے گی کہ بانی چیئرمین کو رہا کرو۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے، اسحاق ڈار
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اب ہوش کے ناخن لو۔ اور کچھ آسانیاں پیدا کرو۔ مزید مقدمات اور نااہلیوں سے باز آ جاؤ۔ اور بانی چیئرمین کو رہا کرو کیونکہ ایسی صورت حال سے سیاسی تناؤ مزید بڑھے گا۔ اس سے عوام میں غصہ بڑھے گا اور بدامنی بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔ اور عوام کا اداروں پر عدم اعتماد مزید بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک ایسے سیاسی تناؤ کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس لیے سب سے درخواست کرتا ہوں کہ ایسا سیاسی تناؤ ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ تاکہ ملک ترقی کرے۔
