پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
نائب وزیر اعظم نے مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے، عقیدے اور باہمی احترام پر مبنی پاک ایران برادرانہ تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاک ایران سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ بامعنی بات چیت کا منتظر ہوں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد، شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجارت سمیت مختلف امورپر مفید بات چیت ہوئی، پاکستان ایران کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر گفتگو ہوئی۔
ا سحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم شہباز شریف ایران کے ساتھ تجارتی حجم بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔
