وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پرامن مقاصد کے لئے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے اصولی موقف کے ساتھ کھڑا ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر اور وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، وزیراعظم نے ایرانی صدر سے کہا کہ پہلی بار پاکستان آمد پر آپ اور آپ کے وفد کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،اسرائیل نے ایران پر بغیر کسی وجہ کے جارحیت کی،پاکستان کے 24کروڑ عوام نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی،اسرائیل کی ایران پرجارحیت کاکوئی جواز نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کے لیے دعاکرتے ہیں،جنگ میں زخمی ہونے والے ایرانی بہن بھائیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاگو ہیں،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوطرفہ ملاقات میں باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں پر سیرحاصل گفتگو کی ہے۔
اسحاق ڈار کی ایرانی صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ
سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی صدر کی قیادت میں ایران نے فتح حاصل کی،ایرانی قیادت نے دلیرانہ انداز میں دشمن کے خلاف مضبوط فیصلے کیے،وزیراعظم نے کہا کہ ایران نے جس طرح اسرائیلی جارحیت کابھرپورجواب دیا وہ لائق تحسین ہے۔
پاکستان پرامن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے،پاکستان ایران کے حق کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے،انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں،جلد معاہدوں میں تبدیل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ 10ارب ڈالر تجارتی ہدف جلد حاصل کریں گے،دہشتگردی کیخلاف پاکستان اور ایران کی سوچ یکساں ہے،خطے میں امن اور ترقی کی شاہرائیں کھولنی ہیں،خطے میں ترقی اور خوشحالی پائیدار امن سے ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ غزہ میں بے گناہ لوگوں کاخون بہایا جارہا ہے،ایرانی قیادت نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے بھرپورآوازاٹھائی،پاکستان نے بھی ہر فورم پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک پاکستان آمد پر بہت خوشی ہوئی، پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں،پاکستانی قیادت نے ہماری بہترین میزبانی کی، حالیہ جنگ کے دوران پاکستان نے ایران کی بھرپورحمایت کی، اسرائیلی جارحیت کیخلاف پاکستان کی حمایت پر دل سے شکرگزار ہیں۔
ایرانی صدر نے کہاکہ پاکستان کے علماکرام اور سیاسی قیادت سے مفید گفتگو ہوئی،عصر حاضر میں امت مسلمہ کے اتحاد کی سخت ضرورت ہے،پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ ثقافت اور مذہب پرمبنی ہیں،انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری ہمارے لیے بھی مشعل راہ ہے، ان کی شاعری کی اساس امت مسلمہ کااتحاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پا کستان کے ساتھ اچھے تعلقات ایران کی خارجہ پالیسی کااہم جزو ہیں،دوطرفہ تعلقات کو مختلف جہتوں میں آگے بڑھارہے ہیں،سیاسی،اقتصادی،ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ترجیح ہے۔
ایرانی صدر نے کہاکہ مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کاتبادلہ اہمیت کاحامل ہے،پاکستان کے ساتھ روابط برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں،مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی تجارت کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن اجلاس جلد منعقد کرنے پراتفاق
قبل ازیں ایران کے صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف نے پرتپاک استقبال کیا۔
معزز مہمان کو پاکستانی مسلح افواج کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایرانی صدر نے وزیراعظم ہائوس میں پودا بھی لگایا۔
بعد ازاں ایران کے صدر اور وزیر اعظم پا کستان کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے وفود کی سطح پر ملاقات میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی کیا گیا ۔ ایرانی صدر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔
