لاہور: پاکستان اور چین کے سائنسدانوں نے مل کر نیا ہائبرڈ چاول کا بیج تیار کر لیا۔
پنجاب یونیورسٹی اور چین کی وہان یونیورسٹی نے ہائبرڈ چاول کا بیج تیار کیا۔ نئے بیج سے چاول کی فی ایکڑ پیداوار تین گنا بڑھ کر 140 من فی ایکڑ ہو جائے گی۔
نیا ہائبرڈ چاول پاکستان میں تیار ہونے والا پہلا ہانگ لیان قسم کا ہائبرڈ چاول ہے۔
پنجاب یونیورسٹی سے چئیرمین شعبہ پلانٹ بریڈنگ جینیٹکس کے چئیرمین ڈاکٹر محمد اشفاق، ڈاکٹر محمد علی کلاسرا، تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہیں۔ جبکہ وہان یونیورسٹی چین سے پروفیسر رنشان ژو، ڈاکٹر ژیانٹنگ وو، شو اور دیگر تحقیقاتی ٹیم کا حصہ ہیں۔ تکنیکی مراحل کی تکمیل کے بعد پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے نئے ہائبرڈ چاول کی منظوری دی۔
نئے چاول کا کامیاب تجربہ پاکستان کے چار صوبوں کے مختلف شہروں میں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں صارف عدالتیں ختم، مقدمات سیشن کورٹس کو منتقل کرنے کا حکم
ڈاکٹر محمد اشفاق نے کہا کہ نئے ہائبرڈ چاول کی تیاری 10 سالہ تحقیق اور تجربے کا نتیجہ ہے۔ ہائبرڈ چاول کی نئی اقسام کو “پی یو 786” کے نام سے رجسٹر کرایا گیا ہے جبکہ نیا ہائبرڈ چاول بیکٹیریائی بیماریوں کے خلاف مزاحمتی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا ہائبرڈ چاول شدید گرمی اور خطرناک کیڑوں کے خلاف بھی مزاحمتی صلاحیت رکھتا ہے۔ نیا ہائبرڈ چاول قومی سطح پر چاول کی پیداوار میں اضافہ کرے گا۔
