سابق وزیرِاعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان پاکستان کے ویزوں کے لیے درخواست دے چکے ہیں اور وزارتِ داخلہ کی منظوری کے منتظر ہیں۔
علیمہ خان نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ سلیمان اور قاسم نے چند روز قبل لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزا درخواستیں جمع کروائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر نے بتایا ہے کہ ویزا درخواستوں کی منظوری وزارت داخلہ اسلام آباد میں زیر التوا ہیں اور وزارت داخلہ اسلام آباد کی منظوری کے بعد ویزے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے درخواستیں وصول کرنے کے بعد متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔
عمران خان کی 9 مئی سے متعلق ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا بینچ تبدیل
بانی پی ٹی آئی کی بہن نے بتایا کہ سلیمان اور قاسم ویزے کے منتظر ہیں اور وزارت داخلہ سے منظوری کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب، سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ قاسم اور سلیمان نے نیکوپ ہونے کے باوجود ویزا کے لیے درخواست کیوں دی؟ ان کا خیال ہے کہ برطانوی پاسپورٹ پر سفر کرنے سے انہیں پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی مکمل سرپرستی حاصل رہے گی۔
اسی دوران وفاقی وزرا بشمول خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ حکومت آخر عمران خان کے صاحبزادوں کو پاکستان آنے سے کیوں روکے گی؟
