لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود انتخابی سرگرمیوں کو زور وشور سے جاری رکھا جائے گا۔
لاہور میں چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نیئربخاری، سید خورشید شاہ اور اعتزاز احسن سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلاول بھٹو کی انتخابی سرگرمیوں میں انتظامی رکاوٹوں کی مذمت کی گئی اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا کہ انتظامیہ کی جانب سے ڈالی جانے والی رکاوٹوں پرنوٹس لیا جائے۔
پارٹی اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ملتان میں بلاول بھٹو کی انتخابی مہم میں رکاوٹیں قابل مذمت ہیں اور پشاور کے جلسے کی اجازت دے کر واپس لینا بھی جمہوری حق کی نفی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی سے شروع ہونے والا سفر تمام تر رکاوٹوں کے باوجود خیبر تک جاری رہے گا۔
