ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت آپریشن مہادیو کے نام پر معصوم لوگوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان بھارتی لوک سبھا میں آپریشن سندور سے متعلق بیانات کومسترد کرتا ہے۔اس طرح کے بیانات تنازعات کو بڑھاوا دینے کے خطرناک رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کی تحقیقات اور ثبوتوں کے بغیر پاکستان پر حملہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے پاکستان کی پیشکش کو مسترد کیا اور جارحیت کی۔ پاکستان نے بھارت کو جارحیت پر بھرپور جواب دیا۔
پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اُتری ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
ترجمان نے کہا کہ بھارت آپریشن مہادیو کے نام پر معصوم لوگوں کو نقصان پہنچا رہاہے،آپریشن مہادیو سے متعلق کوئی بھی بھارتی دعویٰ پاکستان کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
بھارتی رہنماؤں کے الزامات اور اشتعال انگیز دعوے بے بنیاد ہیں، پاکستان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے لئے پرعزم ہے۔
