وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاہدے کا مقصد دو طرفہ تجارت کا فروغ، منڈیوں تک رسائی کو بڑھاناہے، اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں باہمی ٹیرف، پاکستانی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی آئے گی،بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔
امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، ٹرمپ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ تجارتی معاہدے سے توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی میں تعاون کا نیا دور شروع ہوگا،معاہدے سے امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی میسر آئے گی، یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کو بروئے کار لانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ پیش رفت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی، اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا۔
