نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےکہا ہے کہ فلسطینی ریاست کو فوری طورپراقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے۔
اسحاق ڈارنے اقوام متحدہ میں دوریاستی حل سے متعلق عالمی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زوردیا کہ غزہ میں جاری جنگی جرائم کوبند کیا جائے اورانسانی امداد کی بلارکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
امریکا کا اقوام متحدہ کی دو ریاستی حل فلسطین کانفرنس کا بائیکاٹ
عالمی کانفرنس کی میزبانی سعودی عرب اورفرانس نے مشترکہ طور پرکی جبکہ اسکے انعقاد میں 8 ورکنگ گروپس نے فعال کردارادا کیا جن میں پاکستان بھی شامل تھا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام کوان کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت حاصل ہے اورپاکستان یہ حمایت جاری رکھے گاغزہ میں انسانوں کا قتل بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، آج غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان بن چکا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی، خوراک اور امداد کی مسلسل فراہمی اور فلسطینی عوام کے لیے آزاد ریاست کے حق کی حمایت یقینی بنائی جائے۔
