اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے معاہدے پر دستخط کے 30 دن بعد ویزہ چھوٹ نافذ العمل ہوجائے گا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسلام آباد کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جہاں یو اے ای نے پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا فری داخلے کی سہولت باقاعدہ طور پر فعال کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 24 جون 2025 کو ابوظہبی میں یو اے ای کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران اس اقدام پر اتفاق ہوا تھا۔اور اس ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو ویزا کی شرط سے استثنیٰ دینے کے حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ جس کے مطابق معاہدہ دستخط کے 30 دن بعد نافذ العمل ہونا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر ریلوے کا پنجاب کے ریلوے اسٹیشنز پر مفت انٹرنیٹ سروس جلد فراہم کرنے کا اعلان
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ سہولت اب 25 جولائی 2025 سے مکمل طور پر نافذ ہو چکی ہے۔ جس کے تحت پاکستانی سرکاری و سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز بغیر ویزا متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت اماراتی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کو بھی پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ویزا فری انٹری کی سہولت حاصل ہو گی۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور قریبی تعلقات کا مظہر ہے۔ اور سرکاری سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
