کئی ممالک کے شدید احتجاج اور دباؤ کے بعد امدادی سامان کے ٹرک غزہ میں داخل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
امدادی سامان کے ٹرک مصر کے راستے سے غزہ میں داخل ہوئے ، ٹرکوں میں غذا اور انفرا اسٹرکچر کا سامان موجود ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے امداد کی ترسیل کے لیے غزہ کے کچھ علاقوں میں کارروائیوں میں 10 گھنٹوں کے وقفے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد مصر سے امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے اٹلی سے غزہ جانے والی امدادی کشتی روک لی
مصر کے میڈیا کے مطابق مصر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے امدادی سامان غزہ پہنچایا جا رہا ہے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے ٹرک غزہ بھیجے گئے ہیں یا مزید امداد کب پہنچائی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بھوک کو جنگی ہتھیار بنانے پر دنیا کے مختلف ممالک سمیت اسرائیل میں بھی احتجاج کیا گیا تھا۔
