راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ سزائیں دینے والے خوفزدہ لوگوں سے ہمیں کوئی ڈر نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جج کے حکم کے باوجود ہمیں اڈیالہ جیل میں نہیں جانے دیا جا رہا۔ بانی پی ٹی آئی کا فیئر ٹرائل کیسے ہو گا جب وکلا کو اندر ہی نہیں جانے دیں گے؟
انہوں نے کہا کہ جج نے کہا فیملی اور وکلا کو اندر آنے دیں۔ لیکن ہمیں اڈیالہ جیل میں نہیں جانے دیا گیا۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ایک وکیل اپنی ٹیم کے بغیر سماعت میں شامل ہو۔ یہ فیئر ٹرائل کیسے ہو گا جب وکلا کو ہی اندر نہیں جانے دیا جائے گا؟۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے، فیصل کریم کنڈی
علیمہ خان نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے اثرات آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ججز کے احکامات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے جج بھی بے بس ہیں۔ یہاں انصاف کا نظام اور ججز بے بس ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں خوفزدہ لوگوں سے کوئی ڈر نہیں ہے۔ بلکہ اُن کو خوف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک لفظ بھی باہر نہ آئے۔ عوام کو اپنی آزادی کے لیے اب خود نکلنا ہو گا۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہمیں اب انتظار نہیں کرنا چاہیے کہ بانی پی ٹی آئی باہر آئیں تو تحریک چلے گی۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کو چن چن کر سزائیں دی جا رہی ہیں۔
