امریکہ نے ایران کے ساتھ مکالمے میں ثالث کا کردار ادا کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ہے۔
امریکہ کے محکمہ خارجہ نے پاک امریکہ وزرائے خارجہ میں ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا ہے، اعلامیہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان کا ایران کے ساتھ مکالمے میں ثالث کا کردار قابل تعریف ہے، پاکستان نے خطے میں استحکام کے لئے کردار ادا کیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاک امریکہ وزرائے خارجہ ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دوطرفہ تعاون بڑھانے پربات ہوئی، اس کے علاوہ داعش خراسان کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ اگست میں اسلام آباد میں پاک امریکہ انسداد دہشت گردی مذاکرات ہوں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں معدنیات اور مائننگ سیکٹر میں تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ واضح رہے کہ دونوں کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی تھی جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی تھی۔
