واشنگٹن ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے جو عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے اور کسی سیاسی بلاک کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔
امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کثیرالجہتی ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت کو ترجیح دیتا ہے، امداد نہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدہ آئندہ چند مہینوں میں طے پانے کا امکان ہے۔
پاکستان امریکی منڈیوں تک مؤثررسائی چاہتا ہے اورامریکی مصنوعات کو پاکستان میں زیادہ جگہ دینے جا رہا ہےاس وقت پاکستان امریکا کی سب سے زیادہ برآمدات کا مرکزاورکاٹن کا دوسرا بڑا خریدار بھی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے معاشی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا ہے، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے، اور میکرو اکنامک استحکام واپس آیا ہے۔ دہشتگردی اب بھی ایک چیلنج ہے جس سے پاکستان نبردآزما ہے۔
بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کا الزام بے بنیاد تھا اور پاکستان نے دفاع میں قدم اٹھایا، سیز فائر میں امریکا کا کردار کلیدی رہا، فلسطین سے متعلق انہوں نے کہا کہ بیت المقدس آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔
