پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے دو رکنی میڈیکل بورڈ نے نور مقدم قتل کیس کے سزایافتہ مجرم ظاہر جعفر کو ذہنی طور پر مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا ہے۔
پمز ذرائع نے ہم نیوزکو تصدیق کی ہے کہ ملزم کسی ذہنی یا نیورولوجیکل بیماری میں مبتلا نہیں ہے۔
پمز میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر شفقت نواز نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ظاہر جعفر کا ذہنی معائنہ کیا گیا اور وہ مکمل طور پر صحت مند اور مستحکم ہے، اور ان میں کسی بھی قسم کی اعصابی خرابی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
یہ طبی معائنہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا، جو کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھنے کے بعد انجام دیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کے ارکان کی نور مقدم قتل کیس میں قید مجرم سے ملاقات
پمز انتظامیہ کے مطابق، اس ہفتے کے آغاز میں دو رکنی میڈیکل ٹیم نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور ظاہر جعفر کی ذہنی صحت کا جائزہ لیا۔ معائنہ مکمل ہونے کے بعد رپورٹ متعلقہ جیل حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ نے جولائی میں پمز کو دو خطوط ارسال کیے تھے جن میں ظاہر جعفر کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مئی 2025 میں نور مقدم کے بہیمانہ قتل کے مقدمے میں ظاہر جعفر کی سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔
