نیویارک: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سیاسی مذاکرات پر مبنی دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے لیے ناگزیر ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس کے دوران مشرق وسطیٰ اور مسئلہ فلسطین پر مباحثہ ہوا۔
وزیر خارجہ و نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام سے بنیادی حقوق بھی چھینے جا رہے ہیں۔ اور غزہ میں انسانیت کا قتل عام ہو رہا ہے۔ فلسطین میں خواتین اور بچوں سمیت 58 ہزار سے زائد افراد شہید کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہر طرف بھوک اور افلاس کے ڈیرے ہیں۔ جبکہ غزہ ہزاروں فلسطینیوں اور عالمی قوانین کا قبرستان بن چکا ہے۔ سلامتی کونسل مسئلہ فلسطین کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطینی ریاست تسلیم کرنا ہماری پالیسی کے منافی ، امریکا کا یونیسکو سے علیحدگی کا اعلان
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے لیے اصولی مؤقف اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ جبکہ مسئلہ فلسطین کا حل 1967 کی سرحدوں سے پہلے دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو فوری ممکن بنایا جائے۔ اور سیاسی مذاکرات پر مبنی دو ریاستی حل مسئلہ فلسطین کے لیے ناگزیر ہے۔ پاکستان شام میں پائیدار استحکام کی حمایت کرتا ہے۔ اور ایران پر اسرائیل کی جارحیت انتہائی باعث تشویش ہے۔
