ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 245 افراد جاں بحق اور 602 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 26 جون سے اب تک 135 افراد جاں بحق اور 470 زخمی ہوئے، خیبر پختونخوا میں 59 جاں بحق ، 73 زخمی ، سندھ میں 24 افراد لقمہ اجل ، 40 زخمی، بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے ۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں 6 افراد ، گلگت بلتستان 3 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ بارشوں کے باعث 854 مکانات بھی منہدم ہوئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے لیے گلیشیئر پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
