اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سیف سٹی کے منصوبے “پولیس اسٹیشن آن وہیلز” کا افتتاح کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سیف سٹی، کیپیٹل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سیف سٹی کے منصوبے “پولیس اسٹیشن آن وہیلز” کا افتتاح بھی کیا۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا کہ پولیس اسٹیشن آن وہیلز کا مقصد 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے علاوہ عوام کو ایف آئی آر اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
وزیر اعظم کو سیف سٹی کی جانب سے پولیس اسٹیشن آن وہیلز کا پہلا ڈرائیونگ لائسنس اعزازی طور پر پیش کیا گیا۔ اور انہیں پولیس آن وہیلز کے تحت درج کی گئی پہلی ایف آئی آر بھی دکھائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل پولیس اکیڈمی کے اہلکاروں کو معیاری تربیت اور بہترین سہولیات فراہم کرینگے ، وزیر اعظم
شہباز شریف نے دورے کے دوران پولیس آپریشن سینٹر، آن لائن ویمن پولیس اسٹیشن، ٹیکسی ویری فکیشن سسٹم اور ہنچ لیپ کے مراکز کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیف سٹی سرویلنس سسٹم کے تحت اسلام آباد میں 3 ہزار 257 کیمرے نصب ہیں۔ اور ان کیمروں کے ذریعے اسلام آباد میں مختلف تقریبات، محرم الحرام اور سیلاب جیسے خصوصی واقعات کی سیکیورٹی کے لیے نگرانی کی جاتی ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ دارالحکومت کی مؤثر نگرانی کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) جیسی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے۔
