پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ الرٹ رہے۔
خیبر پختونخوا میں اگلے چند دنوں کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے بعد وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ الرٹ رہے۔ پولیس، بلدیات، آبپاشی اور ریسکیو اہلکار فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو موسمی حالات کے پیش نظر درپیش خطرات سے متعلق آگہی دی جائے۔ اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کی بحالی کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بابوسر ٹاپ میں کلاؤڈ برسٹ،7 سے 8 کلومیٹر کے علاقے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال کیا جائے۔ اور ضلعی انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
