پشاور: خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات کے نتائج سامنے آ گئے۔ حکومت اور اپوزیشن کا 5 اور 6 کا فارمولا کام کر گیا۔
ابتدائی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد اور جنرل نشست پر طلحہ محمود کامیاب قرار پائے۔ جبکہ آزاد امیدواروں میں خواتین کی نشست پر روبینہ ناز اور جنرل نشستوں پر آزاد امیدوار مراد سعید، فیصل جاوید، نورالحق قادی، مرزا آفریدی کامیاب قرار پائے۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی کامیاب ہو گئے۔ اسی طرح جے یو آئی (ف) کی جنرل نشست پر عطاء الحق درویش اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پر دلاور خان کامیاب قرار پائے۔
مسلم لیگ ن کے نیاز احمد خیبر پختونخوا اسمبلی سے کامیاب ہو کر سینیٹرز منتحب ہو گئے۔
خیال رہے حکومت اور اپوزیشن میں طے شدہ فارمولے کے مطابق حکومت کے 6 اور اپوزیشن کے 5 سینیٹرز منتخب ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کو سنجیدہ لیڈر شپ کی ضرورت ہے، فواد چودھری
قبل ازیں خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 145 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ آخری ووٹ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسمبلی علی امین گنڈا پور نے ووٹ کاسٹ کیا۔
واضح رہے خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے۔ جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں تھے جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے 19 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
