اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹی بی کے شعبے میں انقلاب لانا مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل سسٹم کے افتتاح کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزارت صحت میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں اچانک مریض اللہ کو پیارے ہونے شروع ہو گئے تھے۔ اور پتہ یہ چلا کہ اسٹور کی گئی ادویات کی اسٹوریج کنڈیشن ٹھیک نہیں تھی۔ یہ 11-2010 کی بات ہے۔ اور ڈریپ سے رپورٹ آئی تھی کہ یہ ادارے کی مجرمانہ غفلت تھی۔
یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی امیگریشن میں ملوث مافیا کیخلاف کریک ڈائون کیا جائے ، وزیر داخلہ کا حکم
شہباز شریف نے کہا کہ لندن اور فرانس سے رپورٹ آئی تو پتہ چلا یہ تو دل کے امراض کی دوائیاں ہی نہیں تھیں۔ اور پتہ چلا دوائیاں دل کے امراض کی نہیں بلکہ ملیریا کی دوائیاں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے مجھے بتایا گیا ایک دوست ملک سے تحفے میں دیا گیا اسپتال بند پڑا ہے۔ برن یونٹ اور یہ اسپتال کئی سال سے بند پڑا ہے۔ تاہم وزیر صحت نے اس چیز کا بھرپور نوٹس لیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹی بی کے شعبے میں انقلاب لانا مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں۔ بدقسمتی سے کئی کئی سال فیصلے نہیں ہوتے تھے۔ اور یہاں پر رشوت کا بازار گرم تھا۔
