پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین سے حلف لیا۔ نو منتخب اراکین میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے 9، مسلم لیگ ن کے 8، پیپلز پارٹی کے 5، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 اور پی ٹی آئی پی کے ایک رکن نے حلف اٹھایا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف برداری کے لیے نامزد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو عدم اعتماد کی تحریک لاسکتے ہیں، گورنر خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ مخصوص نشستوں پر پختونخوا اسمبلی میں منتخب ارکان سے حلف نہیں لیا گیا، چیف جسٹس حلف برداری کے لیے کسی کو نامزد کریں۔
