اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان کو سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں نوٹس جاری کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کو نوٹس جاری کیا۔ علیمہ خان کو 17 جولائی صبح ساڑھے 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹس کے مطابق طلبی کا مقصد ان سے ان کے دفاع میں بیان ریکارڈ کرنا ہے۔ کارروائی انکوائری نمبر 2531/25 کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خان پر سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچا، وزیر اعظم
نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ اگر علیمہ خان پیش نہ ہوئیں تو سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں۔ اور عدم حاضری کی صورت میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
طلبی پر عمل نہ کرنے کی صورت میں علیمہ خان کے خلاف دفعہ 174 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
