اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عالیہ حمزہ معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عالیہ حمزہ کے ٹوئٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالیہ حمزہ کا کام ٹوئٹر کرنا نہیں۔ وہ معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف تحریک کے لیے 90 روز والی ڈیڈلائن کو مسترد کرتا ہوں۔ اور مرزا آفریدی کے فارم ہاؤس پر جانے سے میرا کوئی تعلق نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تحریک انصاف کسی کو پیسے کی بنیاد پر سینیٹ کا ٹکٹ نہیں دے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے اجلاس میں دعوت نہ دینے پر پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے شدید تنقید کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا
عالیہ حمزہ نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پارٹی قیادت کی حکمت عملی پر سوال اٹھایا۔ اور کہا کہ بتایا جائے 5 اگست کی تحریک کو 90 روز تک کون لے کر گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کب اور کیسے چلے گی۔ اور اس کی حکمت عملی کیا ہو گی۔
