کراچی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی پارٹی کا نام پاکستان ریپبلک پارٹی ہے۔ جو عوام کی آواز بن کر حکمرانوں کا پیچھا کرے گی۔ پاکستان ریپبلک پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اسٹار بننے نہیں آئی تھی۔ بلکہ اپنے پیاروں کو وقت دینے آئی تھی۔ لیکن پاکستان آئی تو مجھے پاکستان سے پیار ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو نااہل قرار دے دیا
ریحام خان نے کہا کہ میں نے 2012 سے لے کر 2025 تک جو پاکستان دیکھا ہے اس میں صاف پانی نہیں، اسپتال تو کیا بیسک ہیلتھ یونٹ بھی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن کی آفر دیکھی ہے۔ گلہ صحافیوں اور میڈیا سے یہ ہے کہ پرائم ٹائم شو میں صرف حکومت کس کی گرنے جا رہی ہے۔ کس کی بننے جا رہی ہے یہ دکھایا جاتا ہے۔
ریحام خان نے کہا کہ پاکستان میں خبر یہ ہے کہ پاکستانیوں کو جینے نہیں دے رہے۔ اور صحافی ایک اسائمنٹ کو چھوڑ کر دوسرے اسائمنٹ پر آئے ہیں۔ آج ایسی تحریک کے ساتھ قدم اٹھا رہی ہوں جس میں پارلیمنٹ کے چہرے بدل کر دکھاؤں گی۔ اسمبلیوں میں آج کل 5 خاندان بیٹھے ہوئے ہیں۔
