تیانجن: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی میں پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز میں ایس سی او کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ اور ایس سی او خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کا پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان جارحیت کے خلاف اور عدم مداخلت کا حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل مدتی تنازعات کے پرُامن حل کا حامی ہے۔ اور ایران پر اسرائیلی جارحیت اور امریکی حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر بھی شدید تشویش ہے۔ اور عالمی برادری کو غزہ کی صورتحال پر کردار ادا کرنا چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا بانی پی ٹی آئی سے رابطہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ، عرفان صدیقی
اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لے۔ پاکستان فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔ اور متنازعہ علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ کوششوں کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی میں پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ اور جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کے لیے دیرینہ تنازعات کا حل ضروری ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ سیز فائر پرعمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ اور دہشتگردی انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اس سے عالمی امن کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
