آئی سی سی نے جون 2025 کیلئے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کردیا۔
جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر ایڈن مارکرم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔
ایوارڈ ملنے پر ایڈن مارکرم نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے یہ ایوارڈ ملا۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت کر جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنا میرے لیے ناقابل فراموش لمحہ ہے۔ لارڈز میں یہ فتح ہماری ٹیم کے لیے تاریخی ہے۔ یہ کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، خاص طور پر کگیسو ربادا اور ٹیمبا باووما کی اہم شراکتوں نے فتح کو ممکن بنایا۔
اگرچہ مارکرم پہلی اننگز میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، تاہم دوسری اننگز میں انہوں نے شاندار انداز میں واپسی کی۔ 282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انہوں نے پروٹیز کی اننگز کو سنبھالا اور مشکل لمحات میں ویان ملڈر اور ٹیمبا باووما کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں۔
چوتھی اننگز کے دوران جب ٹیمبا باووما کو انجری کا سامنا کرنا پڑا تو مارکرم نے انہیں مسلسل سپورٹ کیا اور پرسکون انداز میں ٹیم کو ہدف کے قریب لے آئے۔ وہ 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، لیکن ان کی اننگز نے جنوبی افریقہ کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔
آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 پلیئرز رینکنگ جاری کر دی
بیٹنگ سے پہلے مارکرم نے بولنگ میں بھی کمال دکھایا۔ اپنی چھٹی ہی گیند پر اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی مضبوط شراکت توڑی، جبکہ دوسری اننگز میں جوش ہیزل وُڈ کو آؤٹ کر کے آسٹریلوی اننگز سمیٹی۔
یاد رہے کہ جون 2025 کے پلیئر آف دی منتھ کیلئے جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور کگیسو ربادا کے ساتھ سری لنکا کے پاتھم نسانکا کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، ووٹنگ کے بعد کامیاب ایڈن مارکرم کو پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا۔
