اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس گوشوارے کا آسان اور اردو میں ہونا خوش آئند امر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوشوارے بھرنے کے عمل میں مدد کے لیے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔ اور ڈیجیٹل انوائسنگ کا بھی اردو میں اجراء کیا جائے۔ ٹیکس اصلاحات میں عام آدمی کی سہولت پر توجہ مرکوز کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کا ناجائز استعمال ، چیئرمین پی اے آر سی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ گرفتار
شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی اصلاحات کی شفافیت کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے۔ اور نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ مستفید ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس گوشواروں کی آسانی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔ اور ٹیکس نظام کی اصلاحات کے مثبت ثمرات وزیر خزانہ اور ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے ٹیکس اسیسمنٹ کے نظام کا اطلاق بڑی کامیابی ہے۔
