فیصل آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کرنے ہیں تو اسپیکر کی میز پر لوٹنا ہو گا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ژوب میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد کو شہید کیا گیا۔ بلوچستان میں پنجابیوں کے خلاف بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اسپانسرڈ پراکیسز پنجاب کے خلاف بیانیہ بناتی ہیں۔ اور پنجاب نے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے عوام کو ان کا حصہ دیا۔ مرنے والے پنجابی نہیں پاکستانی ہیں۔ اور مارنے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد ہیں۔ پنجاب میں بلوچی اور پشتون کاروبارکرتے ہیں اور رہائش پذیر بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اراکین کی معطلی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن رہنماؤں کی ملاقات بے نتیجہ ختم
طلال چودھری نے کہا کہ دہشت گردوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں۔ اور بلوچستان سے نکلنے والی گیس کا 70 فیصد بلوچستان خود استعمال کرتا ہے۔ کچھ عناصر نفرت کی آگ میں انسانیت کا درس بھول گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کسی سیاسی عمل میں نہیں آنا چاہتی۔ اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کرنے ہیں تو اسپیکر کی میز پر لوٹنا ہو گا۔
