اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے پارٹی اراکین کو پارٹی سے نکال دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے دستخط سے ممبران کو پارٹی سے نکالے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی سے نکالے گئے ارکان میں ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی، مبارک زیب، الیاس چودھری اور عثمان علی شامل ہیں۔ تحریک انصاف نے 5 ارکان قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کے لیٹرز جاری کر دیئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پانچوں ایم این ایز قومی اسمبلی سے بھی نااہل ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف سی کو ملک گیر فیڈرل فورس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ
نکالے اراکین پر 26ویں ترمیم میں پارٹی کی ہدایت کے برعکس ووٹنگ کا الزام ہے۔ گجرات سے کامیاب الیاس چودھری قومی اسمبلی کے ریکارڈ کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے رکن ہیں۔
مبارک زیب نے باجوڑ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کو ہرایا تھا اور آزاد حیثیت میں الیکشن جیتا تھا۔
