لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف سے 2017 میں حکومت چھینی گئی۔ اور 2017 سے 2023 تک پاکستان آگے چلنے کے بجائے پیچھے جاتا رہا۔ نوازشریف کی حکومت ختم کر کے ترقی کا پہیہ روکا گیا۔ اور چند عناصر نے ہماری قیادت کی بیماری کا مذاق اڑایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین آج مکافات عمل کا شکار ہیں۔ اور وہ چیف جسٹس جو فرعون بن کر بیٹھا تھا آج ان کا نام کوئی نہیں لیتا۔ جنہوں نے پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیلا آج ان کا کوئی نام نہیں لیتا۔ اور وہ سیاستدان جو اس سازش میں ملوث تھے ان کا بھی کوئی نام نہیں لیتا۔
ایاز صادق نے کہا کہ نئے انتخابات کے بعد پاکستان اور پنجاب کی تقدیر بدل رہی ہے۔ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا۔ اسے ہم نے نبھایا۔ اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تیل کی قیمتیں کم کر کے گئی تھی تاکہ پاکستان ڈیفالٹ ہوجائے۔ اور ان کو پاکستان سے لگاؤ نہیں تھا بلکہ ان کو اپنی ذات اور اقتدار سے لگاؤ تھا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا۔ اور وزیر اعظم شہباز شریف نے گرتے پاکستان کو سنبھالا۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات فیصلہ سازوں سے ہونگے ، حکومت میں رہیں نہ رہیں ، 90 دن میں آر یا پار کرینگے ، علی امین گنڈاپور
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کا بغیر ثبوت الزام پاکستان پر لگایا۔ تاہم افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ اور افواج پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے جنگی طیارے مار گرائے۔
انہوں نے کہا کہ آج کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کیا۔ پوری دنیا میں سب کہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کا خیال ہے پانی روکنے سے سب کچھ ختم ہو جائے گا۔ اور پانی بند کرنے کا مطلب اعلان جنگ ہے۔ ضرورت پڑنے پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔
