(علی رضا): پاکستان ریلوے کی آمدن میں تاریخی اضافہ ہو گیا، ریلوے کی 78 سالہ تاریخ میں یہ آمدن کی بلند ترین سطح ہے۔
مالی سال 25-2024 کا اختتام پر پاکستان ریلوے کی آمدن میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے 93 ارب روپے آمدن حاصل کرلی ہے۔
مسافر ٹرینوں سے ساڑھے47 ارب، مال گاڑیوں سے ساڑھے 31 ارب روپے حاصل ہوئے، ملٹری ٹریفک سے ڈیڑھ ارب،کوچنگ ذرائع سے 3 ارب آمدن ہوئی، متفرق ذرائع سے ساڑھے 9 ارب روپے حاصل ہوئے۔
ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی 78 سالہ تاریخ میں یہ آمدن کی بلند ترین سطح ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان ریلویز نے 88 ارب روپے کمائے تھے،پسنجر سیکٹر سے کراچی ڈویژن پونے 15 ارب آمدن سے سب سے آگے ہے۔لاہور سوا 11 ارب سے زائد آمدن کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ہیڈکوارٹرز ڈویژن نے سوا پانچ،ملتان ڈویژن نے پانچ ارب روپے کمائے، سکھر کی آمدن 4.8 ارب جبکہ راولپنڈی کی آمدن 4.7 ارب رہی، پشاور نے سوا 1 ارب اور کوئٹہ نے 52 کروڑ روپے آمدن حاصل کی۔
فریٹ سیکٹر میں کراچی نے 28 ارب جبکہ ملتان نے 1 ارب حاصل کیا، لاہور 83 کروڑ، پشاور 77 کروڑ، راولپنڈی 31 کروڑ، سکھر 28 کروڑ اور کوئٹہ نے 10 کروڑ کمائے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ اگلے سال مال گاڑیوں سے 70 فیصد تک انکم جنریشن ممکن بنائیں گے۔
