لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب کے بعد اب سدھرا پنجاب مہم شروع کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آڈٹ رپورٹ سے متعلق بغیر تحقیق کی خبریں چلائی گئیں۔ جبکہ یوم عاشورہ پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ اور تمام مسالک نے بہترین مذہبی آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے امن ایوارڈ دیا۔ پنجاب میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ جبکہ لاہور میں جرائم کی شرح میں 68 فیصد کمی آئی ہے۔ اور لاہور کو کئی بین الاقوامی شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چکوال، بھلوال اور حافظ آباد میں 2 دنوں میں کوئی واردات نہیں ہوئی۔ گجرات میں گزشتہ روز چوری کی واردات ہوئی۔ تاہم گجرات، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پنجاب بھر سے ایک ہزار 509 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔ اور 614 بچوں کو ملزمان سے بازیاب کرایا گیا۔ پنجاب بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے جو ضروری ہو گا وہ کریں گے، محسن نقوی
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی سی ڈی کو ایف بی آئی کی طرز پر صوبائی محکمہ بنایا گیا ہے۔ سی سی ڈی نے 1500 سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ سی سی ڈی کی انویسٹی گیشن کو حتمی سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی چور اور ڈاکو کو اب آزادی نہیں ہو گی۔ اور ستھرا پنجاب کے بعد اب سدھرا پنجاب مہم شروع کی گئی ہے۔
