پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیس رسک الاؤنس اور شہدا پیکج میں اضافہ کر دیا گیا۔
محکمہ خزانہ نے رسک الاؤنس میں اضافے کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ صوبائی کابینہ کے 13 جون کے فیصلے کی روشنی میں اعلامیہ جاری کیا گیا۔
کانسٹیبل سے انسپکٹر تک یونیفارمڈ پولیس اہلکاروں کے رسک الاؤنس میں اضافہ کیا گیا۔ کانسٹیبل 7 اسکیل کو پہلے 7 ہزار 400 روپے ملتے تھے۔ وہ اب 11 ہزار 400 روپے ملیں گے۔
ہیڈ کانسٹیبل کو 8 ہزار 100 کے بجائے 12 ہزار 700 روپے ملیں گے۔ اور اے ایس آئی کا رسک الاؤنس 8 ہزار 700 روپے سے بڑھ کر 15 ہزار 700 روپے ہو گیا۔ سب انسپکٹر کا رسک الاؤنس 10 ہزار 300 سے بڑھا کر 16 ہزار 300 روپے کر دیا گیا۔ انسپکٹر کو 12 ہزار 700 روپے کے بجائے اب 17 ہزار 300 روپے ملیں گے۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے پولیس شہداء پیکج میں اضافہ سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق شہید پولیس اہلکار کے لواحقین کے پیکجز میں 10، 10 لاکھ روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
شہید کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل پیکج ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کر دیا گیا۔ جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس رینک شہید کے ورثاء کو ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کا پیکج ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بینک کا گوشوارہ آمدن ثابت کرنے کیلئے کافی نہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ
اعلامیہ کے مطابق ایس ایس پی، ایس پی، اے آئی جی شہید پیکج 2 کروڑ 10 لاکھ روپے ہو گا۔ ڈی آئی جی پی، آئی جی کا شہید پیکج 2 کروڑ 30 لاکھ روپے ہو گا۔ پولیس شہداء کے ورثا کو پلاٹس دیئے جائیں گے۔ شہید کانسٹیبل کے ورثا کو 5 مرلے کا پلاٹ ملے گا۔ اور شہید اے ایس آئی اور ایس آئی کے ورثا کو 7 مرلے کا پلاٹ ملے گا۔
شہید ڈی ایس پی اور اے ایس پی کے ورثا کو 10 مرلے کا پلاٹ ملے گا۔ ایس ایس پی اور اعلیٰ شہید افسران کے ورثا کو ایک کنال کا پلاٹ دیا جائے گا۔
