اسلام آباد: حکومت نے قومی سطح پر مصنوعی ذہانت کی ترقی کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی دستاویز کے مطابق قومی آرٹیفشل انٹیلی جنس منصوبے کے لیے پلاننگ کمیشن نے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔ اور 53 کروڑ 46 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق وزارت آئی ٹی ملک بھر میں آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) ہب اور تربیتی مراکز قائم کرے گی۔ جبکہ 7 شہروں میں نیشنل انکیوبیشن سینٹرز میں اے آئی ہب قائم ہوں گے۔ 20 ہزار طلبا و طالبات کو اے آئی تربیت دی جائے گی۔
اطلاع ہے کہ 150 اسٹارٹ اپس کو اے آئی گرانٹس دی جائیں گی۔ اور 500 پروفیشنلز کو اے آئی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ 26-2025 کے اہداف میں 2 اے آئی ہب، 3 ہزار تربیتی ورکشاپ اور 2 آگاہی سیشن منعقد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فرانس نے گوگل پر بھاری جرمانہ کر دیا
سرکاری دستاویز کے مطابق منصوبے کے تحت شفاف اور منصفانہ اے آئی گورننس کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ منصوبہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن سے ہم آہنگ ہو گا۔ اور اس منصوبے کا مقصد اے آئی اسکلز، تربیت، اور گورننس کو فروغ دینا ہے۔
