لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ بہترین پرفارمنس والے ریجن کو ہر سال انعام دیا جائے گا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا 78واں اجلاس ہوا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ اجلاس میں مالی برس 26-2025 کے بجٹ تخمینہ جات کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔
رواں مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 18 ارب 30 کروڑ روپے کے بجٹ تخمینہ جات کی متفقہ منظوری بھی دی گئی۔ جبکہ اجلاس میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے ریجن کی ہر سال بھرپور حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ویمنز ایشین کپ کوالیفائر میں تاریخی کامیابی حاصل کر لی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہترین پرفارمنس والے ریجن کو ہر سال انعام دیا جائے گا۔ اور اسٹاف کی پرفارمنس کو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے گا۔ اجلاس نے مالی سال 25-2024 کے بجٹ استعمال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں گزشتہ بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔ جبکہ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی نے بجٹ کے اہم خدوخال پر بریفنگ دی۔ ممبر بورڈ آف گورنرز انوار غنی نے اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر کرائی۔
