راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے فوج کی جانب سے ڈیموں کی تعمیر جیسے عظیم مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر میں حصہ ڈالے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تینوں افواج کے افسران اپنی دو دن اور فوجی جوان ایک دن کی تنخواہ جمع کرائیں گے۔
Pakistan Armed Forces contributing to Diamer-Basha & Mohmand Dam Fund. Officers of Pak Army, Navy and Air Force will contribute their 2 days’ pay while soldiers one day’s pay to the announced fund for this national cause. #DamsForPakistan??
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) July 9, 2018
سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے دیامر بھاشا اینڈ مہمند ڈیم فنڈ 2018 قائم کیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اندرون ملک و بیرون ملک مقیم شہریوں سے اپیل کی تھی کہ ڈیموں کی تعمیر کے لیے حصہ ڈالیں۔
عدالت عظمیٰ کے سربراہ نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دس لاکھ روپے بھی جمع کرائے ہیں۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا ہے کہ اکاؤنٹ میں جمع ہونے والا فنڈ کسی اور جگہ استعمال نہیں ہوگا۔
عدالت عظمیٰ نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ڈیموں کے لیے دیے جانے والے فنڈ پرکوئی انکم ٹیکس عائد نہیں ہوگا اورنہ ہی کوئی ادارہ سوال کرسکے گا۔
دیامر بھاشا ڈیم کے پی اور گلگت بلتستان کے درمیان تعمیر کیا جائے گا جس میں گلگت بلتستان کا علاقہ بھاشا اور کے پی کوہستان کا علاقہ دیامر شامل ہے۔ یہ ڈیم 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ڈیم سے چار ہزار 500 میگا واٹ بجلی بنائی جاسکے گی۔
مہمند ڈیم دریائے سوات پر منڈا کے علاقے میں بنایا جائے گا، اس لئے اس کو منڈا ڈیم بھی کہتے ہیں۔ اس ڈیم سے 800 میگا واٹ بجلی بنائی جاسکے گی جبکہ یہ 0.676 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
