اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی وفاقی بجٹ کو مسترد کرتی ہے۔ یہ بجٹ اب ڈیڈ آن ارائیول ہو چکا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہتی ہے ملک میں وافر بجلی موجود ہے تو لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟۔ اور اسلام آباد میں لوڈ شیڈنگ کیوں ہو رہی ہے ؟
انہوں نے کہا کہ کہیں کہیں بجلی کی لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔ اور میرے اپنے حلقے میں بھی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیکنیکل ایشوز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ساتھ تنازع سے پہلے خطہ جتنا محفوظ تھا اب نہیں ہے، بلاول بھٹو
پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کا سب سے اہم سیکٹر بجلی کا سیکٹر ہے۔ اور اگر پاور سیکٹر کو ٹھیک کر دیا جائے تو پاکستان ترقی کرے گا۔ مختلف ادوار میں پاور سیکٹر میں کوئی اصلاحات نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا کردار ہمیشہ اس میں منفی رہا ہے۔ بجلی بہت مہنگی ہے۔ اور ہمیشہ سنتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ہے۔ ایک طرف بجلی دستیاب نہیں تو دوسری طرف بجلی مہنگی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ نالائقی ان کی ہے لیکن اس کا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑے گا۔ لوگوں نے مہنگی بجلی لینے سے انکار کر دیا ہے۔ اور انڈسٹریز نے بھی مہنگی بجلی لینے سے انکار کر دیا ہے۔ حکومت لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔
