اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اماراتی صدر کی کوششوں کو سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معیشت، سرمایہ کاری اور ترقی کے شعبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران باہمی مفادات اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے اماراتی صدر کی کوششوں کو سراہا۔ اور تنازعات کے حل کے لیے متحدہ عرب امارات کی سفارت کاری کے کردار کو اجاگر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ساتھ جو بات ہو گی برابری کی بنیاد پر ہو گی، مصدق ملک
شہباز شریف نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
