اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمانی کمیٹی نے بجٹ 2025 آئی ایم ایف کا قرار دے کر مسترد کر دیا۔
پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے بجٹ 26-2025 کو مسترد کر دیا، پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی ہے بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں، انہوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دیتے ہوئے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کمیٹی نے اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے رویے کی مذمت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی جانبدار بن چکے ہیں۔
سردار ایاز صادق پارٹی کے نمائندے نہ بنیں اسپیکر بنیں۔ غریب غربت کی چکی میں پس رہے ہیں حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہیں۔ بجٹ سیشن میں ہر موقع پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا جبکہ اجلاس میں عمران خان پر جعلی مقدمات اور سیاسی انتقام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: غیر رجسٹرڈ کاروبار کرنے والوں کو سخت سزائیں دینے کی تجویز
علاوہ ازیں پارلیمانی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ قائدین کی رہائی کے لیے مربوط حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ارکان کی تقاریر براہ راست دکھانے کا معاملہ اٹھائیں گے۔ اور پی ٹی آئی ارکان کی تقاریر کی نشریات پر ایوان میں معاملہ اٹھایا جائے گا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ پی ٹی آئی کی تقاریر نشر نہ کرنے پر تحریک استحقاق اور اسپیکر کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ قومی نشریاتی ادارے اگر تقریر نہیں نشر کرتے تو احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر پی پی 52 سمبڑیال ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی مذمت بھی کی گئی۔
