کراچی: ڈسٹرکٹ جیل ملیر کی نئی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل سے 216 نہیں بلکہ 225 قیدی فرار ہوئے۔
سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل شہاب الدین صدیقی نے ایس پی انویسٹی گیشن کو لکھے گئے خط میں کہا کہ انتظام سنبھالنے کے بعد دوبارہ گنتی کی تو مزید 10 قیدی غائب تھے۔ سابق جیل انتظامیہ نے 216 قیدیوں کے فرار کی رپورٹ دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 4 جون کو ملیر جیل کا بطور سپرنٹنڈنٹ چارج سنبھالا۔ اور عید کی تعطیلات کے دوران قیدیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران 10 اضافی قیدی جیل کے احاطے سے لاپتہ پائے گئے۔ جبکہ 10 قیدیوں کی عدم موجودگی ابتدائی رپورٹ میں ظاہر نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: امن کے پیغام کی جیت، مودی کا نفرت کا پیغام ہار جائے گا، بلاول بھٹو
خط میں کہا گیا کہ اب تک 146 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے اور اب بھی 79 قیدی لاپتہ ہیں۔ جبکہ ایک قیدی کا نام فرار ہونے والی لسٹ میں 2 مرتبہ ڈال دیا گیا تھا۔
خط میں بتایا گیا کہ فرار ہونے والی قیدیوں کی نظرثانی شدہ کل تعداد 225 ہے۔ اور لاپتہ 10 اضافی قیدیوں کے نام پتے اور دیگر تفصیلات بھیج رہے ہیں۔ فرار قیدیوں کے گرفتاری کے لیے کارروائی کی جائے۔
