راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر فلسطینی مہاجرین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مصر، اردن، لبنان، القدس اور ویسٹ بینک میں 2915 جانور قربان کیے۔ قربانی کا گوشت فلسطینی مہاجرین، یتامیٰ، بیواؤں اور مستحقین تک پہنچایا گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی مصر میں موجود غزہ مہاجرین کے ساتھ عید منائی۔ انہوں نے فلسطینی زخمیوں کی اسپتال میں تیمارداری کی۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے یتیم بچوں کے ساتھ عید فیسٹیول میں شرکت کی۔ جبکہ تحائف اور امدادی سامان کے علاوہ مہاجر خاندانوں کو قربانی کا گوشت فراہم کیا گیا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت کے تحت اس سال مصر، اردن، لبنان، القدس اور ویسٹ بینک میں 1600 بڑے اور 1315 چھوٹے جانوروں کی قربانی کی گئی۔
انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر کفالت بچوں کی رہائش گاہ “الخدمت ٹاور” کا بھی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے باہمت بچوں کو عید کی مبارکباد دی اور تحائف پیش کیے۔
قبل ازیں، قاہرہ میں غزہ سے تعلق رکھنے والے 1000 مہاجر خاندانوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں 10 ہزار جانوروں کی قربانی کی گئی۔ الخدمت کی مرکزی، ریجنل اور ضلعی ٹیموں کے ساتھ ملک بھر میں ہزاروں رضاکار اس مہم کا حصہ بنے اور لاکھوں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ عید دوسروں کو خوشیوں میں شریک کرنے کا نام ہے۔ اور الخدمت کے رضاکاروں نے اپنی عید کی خوشیاں مستحقین کے لیے وقف کیں۔ جس پر میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
