اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان، سعودی عرب اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی قیادت نے حج کے موقع پر بہترین انتظامات اور مہمان نوازی کی۔ خادم حرمین الشریفین اور ولی عہد کی گرانقدر خدمات کے معترف ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ جبکہ پاکستان نے اپنے دفاع میں بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم کے الزامات کو مسترد کر دیا
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان غزہ کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد نے عالمی برادری سے ذمہ داریاں پوری کرنے پرزور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اور وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت نے اسٹریٹجک شراکت داری کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں ملکوں کی قیادت نے وژن اور عوامی خواہشات کے مطابق شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اور دونوں رہنماؤں نے کثیر الجہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت جسے سعودی ولی عہد نے قبول کر لیا۔
