پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی مذاکرات سے ہچکچاہٹ معنی خیز ہے ، پاک بھارت مذاکرات کروانے کیلئے امریکا کو کردار ادا کرنا چاہئے۔
عالمی خبررساں ادارے اے ایف پی کو انٹرویو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس طرح صدر ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کے لیے حوصلہ افزا کردار ادا کیا اب دونوں ممالک کو جامع اور بامعنی مذاکرات کی میز پر لانے میں فعال کردار ادا کریں۔
دہشتگردی کی تحقیقات کے لیے پاک بھارت مشترکہ فورم بننا چاہیے: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے بھارتی حکومت کی ہچکچاہٹ خطے میں خطرناک مثال قائم کر رہی ہے، پاکستان بھارت کیساتھ تمام معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن کشمیر کو بنیادی تنازع کے طور پر مذاکرات کی میز پر لانا ناگزیر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 1.7 ارب افراد کی تقدیر کو غیرریاستی کرداروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، اس غیر یقینی اور غیر متوازن فضا کو معمول کے طور پر قبول کرنا نہ صرف خطرناک ہے بلکہ اسے فوری طور پر ختم کرنا ضروری ہے۔
