اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفرار بگٹی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کا بلوچ قوم سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ صرف دہشتگرد ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان پاکستان کا امن داؤ پر لگانے کی سازش کر رہا ہے۔ تاہم دشمن کو جارحیت پر منہ کی کھانی پڑی۔ اور افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی شکست کے بعد پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے۔ اور دشمن نے ہمارے خلاف پراکسی جنگ شروع کر رکھی ہے۔ دشمن پاکستان کی ابھرتی معیشت کو تباہ کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ فتنہ الہندوستان پاکستان کا امن داؤ پر لگانے کی سازش میں مصروف ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کے پاس فتنہ الہندوستان کے حوالے سے بہت سارے ثبوت موجود ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ فتنہ الہندوستان کی سرپرستی کر رہی ہے۔ اور ’’را‘‘ ہینڈلرز فتنہ الہندوستان کو خفیہ معلومات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے ہر حملے کو ناکام بنائیں گے۔ فتنہ الہندوستان کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں۔ اور یہ صرف دہشت گرد ہیں، فتنہ الہندوستان جس کی ایماء پر دہشت گردی کر رہے ہیں اس کا اپنا حشر سب کے سامنے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کیخلاف دائرہ تنگ کیا جا رہا ہے، حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، اسد قیصر
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔ مذاکرات سیاسی جماعتوں سے ہوتے ہیں دہشت گردوں سے نہیں۔ اور فتنہ الہندوستان کیخلاف خفیہ اطلاعات پر مبنی محدود آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ہم نے میرٹ پر 99 فیصد شعبہ تعلیم میں بھرتیاں کی ہیں۔ اور جو اسکول پچھلے 20 سال سے بند تھے ہم نے وہ کھولے ہیں۔ بلوچستان کے نوجوان ریاست کا بیانیہ ضرور اپنائیں گے۔ اور بجٹ میں ہماری پہلی ترجیح نوجوان ہیں۔
