کرکٹ آسٹریلیا کے نئے سی ای او ٹوڈ گرین برگ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم وائٹ بال سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
انہوں نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس کے اوائل میں آسٹریلیا نے وائٹ بال سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، سی ای او کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ ایک مرتبہ پھر پاکستان کا اچھا دورہ ہو گا۔
ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز ہمارے شیڈول کا ایک اہم حصہ ہے، ریڈ بال اور وائٹ بال سیریز کے لئے پاکستان آسٹریلیا کی آپس میں اچھی بات چیت رہی ہے۔
پاکستانی نژاد کرکٹر محمد عباس کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا
ہمیں مزید سیریز کے لیے مواقع تلاش کرنا ہیں جو یقینی طور پر ہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں سیریز کھیلنا چاہیں گے 2022 میں طویل عرصے کے بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 2022 میں دورہ بہت شاندار رہا تھا آسٹریلیا ٹیم کا پاکستان میں اچھا استقبال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیریز مزید ہوتی ہیں تو بہت اچھا ہو گا، ہم بگ بیش لیگ میں زیادہ سے زیادہ پاکستان کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہیں گے، اس میں کوءی شک نہیں کہ پاکستان کے کھلاڑیوں کی کمیونٹی میں بہت مقبولیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پوری دنیا سے بی بی ایل کے لئے کھلاڑیوں کی توجہ حاصل کریں، اگر پاکستان کے سرکردہ کھلاڑی آتے ہیں تو یقینی طور پر وہ یہاں لطف اندوز ہوں گے۔
سرکردہ کھلاڑیوں کی وجہ سے لیگ ان کی ٹیمز اور فرنچائزز کے لئے بہت اچھا ہو گا، پاکستان کے کھلاڑیوں کے حوالے سے اس وقت بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، مجھے امید ہے کہ بی بی ایل کے اگلے ایڈیشن کے لئے چند کھلاڑیوں کی توجہ ضرور حاصل کریں گے۔
