اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ن لیگ کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہمارا ووٹ بینک خراب ہوا۔ سمبڑیال کے لوگوں نے ہمیں اور ن لیگ دونوں کو ووٹ نہیں دیئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو 400 ووٹوں کا طعنہ دیا گیا۔ تسلیم کرتا ہوں کہ ن لیگ کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہمیں ووٹ نہیں دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہمارا ووٹ بینک خراب ہوا۔ سمبڑیال الیکشن میں انڈر ورلڈ کے بدمعاش دیکھے۔ ن لیگ کے پاس تگڑے بدمعاش ہیں۔ ہمارے پاس سرکاری مشینری ہوتی تو ہم بھی 40 ہزار ووٹ لے لیتے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کو 6 ہزار ووٹ لینے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، عظمیٰ بخاری کا طنز
ندیم افضل چن نے کہا کہ کسان کی تین فصلیں رُل گئیں اور ہمارے پاس کسان کو دینے کے لیے کوئی جواب نہیں تھا۔ یوٹیلٹی اسٹورز سے 9 ہزار ملازمین کو نکالا گیا۔ اور اب سرکاری اسپتالوں سے ملازمین کو نکالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سمبڑیال کا ضمنی الیکشن شفاف نہیں ہوا۔ اگر ان کو اتنا اعتماد ہے تو ایک شفاف الیکشن کرا لیں۔ اگر الیکشن کمیشن نے ایسے ہی الیکشن کرانے ہیں تو پھر ویسے ہی لیٹر دے دیا کریں۔
