وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ایف بی آر اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کیلئے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات لی جائے۔
ایف بی آر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم عالمی معیشت بنانے کیلئے حکومت پر عزم ہے، تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات تیزی سے جاری ہیں، حکومت کے تمام ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کےخاتمے کیلئے تمام اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، مثبت معاشی اشارئے حکومتی پالیسی کی درست سمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج کوئٹہ کا دورہ کریں گے
وزیراعظم نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت برقرار رکھنے کیلئے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کی حوصلہ افزائی کرتےہیں، پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی اس جد و جہد میں ہم کامیاب ہوں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات کی پیشرفت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ سے محصولات میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، عام صارفین کیلئے آسان ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن کا نظام جلد نافذ العمل کیا جائے گا۔
